بنگلہ دیش نے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو شکست دیکر وائٹ واش کردیا

سلہٹ(سپورٹس ڈیسک)بنگلہ دیش نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی پاکستان کو 78 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی۔سلہٹ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو جیت کیلئے 437 رنز کا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں قومی ٹیم 358 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 94 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ کپتان شان مسعود اور سلمان علی آغا نے 71، 71 رنز کی اننگز کھیلی۔ بابر اعظم 47 رنز بنا سکے جبکہ ساجد خان نے 28 رنز کی اننگز کھیلی۔بنگلہ دیش کی جانب سے تیج الاسلام نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں، ناہید رانا نے 2 جبکہ شرف الاسلام اور مہدی حسن میراز نے ایک، ایک وکٹ لی۔

میچ کی پہلی اننگز میں بنگلہ دیش نے 278 اور دوسری اننگز میں 390 رنز بنائے تھے، جبکہ پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 232 اور دوسری اننگز میں 358 رنز پر آؤٹ ہوئی۔بنگلہ دیش کے لٹن داس کو میچ کا بہترین کھلاڑی جبکہ مشفق الرحیم کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے بعد کپتان شان مسعود نے کہا کہ ٹیم نے بہت غلطیاں کیں اور ٹیسٹ کرکٹ میں غلطیوں کی مسلسل سزا ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ دن کے کھیل میں تسلسل برقرار رکھنا ضروری ہوتا ہے۔واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میں بھی بنگلہ دیش نے پاکستان کو 104 رنز سے شکست دی تھی۔