ایمسٹلوین (سپورٹس ڈیسک)ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026ء میں پاکستان کو روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں 3-5 سے شکست ہوگئی، جس کے بعد قومی ٹیم گروپ مرحلے میں مطلوبہ پوزیشن حاصل نہ کرسکی اور ورلڈ کپ کے اگلے مرحلے کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔
نیدرلینڈز اور بیلجیئم میں جاری ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان نے پول ڈی میں انگلینڈ، ویلز اور بھارت کے خلاف میچز کھیلے۔ قومی ٹیم کو اپنے پہلے میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں 1-4 سے شکست ہوئی، جبکہ ویلز کے خلاف مقابلہ 3-3 گول سے برابر رہا۔ بھارت کے خلاف کامیابی پاکستان کو اگلے مرحلے میں پہنچنے کیلئے انتہائی اہم تھی، تاہم قومی ٹیم یہ میچ بھی جیتنے میں ناکام رہی۔ ورلڈ کپ کے فارمیٹ کے تحت پول کے ٹاپ دو ٹیمیں اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرتی ہیں۔
ایمسٹلوین کے ویگنر ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اہم میچ میں بھارتی ٹیم نے آغاز ہی سے جارحانہ انداز اختیار کیا اور پاکستان پر دباؤ برقرار رکھا۔
بھارت کے کپتان ہرمن پریت سنگھ نے پہلے کوارٹر میں پنالٹی کارنر پر گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جس کے بعد ابھیشیک نے دوسرا گول کرکے بھارت کی برتری 2-0 کردی۔ پہلے کوارٹر کے اختتام تک بھارت کو پاکستان کے خلاف دو گول کی برتری حاصل رہی۔
دوسرے کوارٹر میں بھی بھارتی ٹیم نے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ ہرمن پریت سنگھ نے پنالٹی کارنر کے ری باؤنڈ پر اپنا دوسرا اور بھارت کا تیسرا گول کردیا۔ پاکستان کی جانب سے حنان شاہد نے گول کرکے خسارہ کم کیا، تاہم بھارت نے چند ہی منٹ بعد ابھیشیک کے ذریعے چوتھا گول کرلیا۔
پاکستان نے دوسرے کوارٹر میں ایک اور گول کرکے مقابلے میں واپسی کی کوشش کی، جس کیلئے سفیان نے پنالٹی کارنر پر گیند کو جال میں پہنچایا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر بھارت کو پاکستان کے خلاف 4-2 کی برتری حاصل تھی۔
تیسرے کوارٹر میں بھارت نے اپنی برتری مزید مستحکم کرتے ہوئے پنالٹی اسٹروک پر پانچواں گول کردیا اور پاکستان کیلئے میچ میں واپسی مزید مشکل ہوگئی۔
چوتھے اور آخری کوارٹر میں پاکستان نے بھرپور کوشش کی اور حنان شاہد نے اپنا دوسرا جبکہ پاکستان کا تیسرا گول کرکے بھارت کی برتری کم کی، تاہم قومی ٹیم مزید گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی اور بھارت نے مقابلہ 3-5 سے اپنے نام کرلیا۔
بھارت کی کامیابی کے ساتھ پاکستان کے اگلے مرحلے میں پہنچنے کے امکانات ختم ہوگئے، جبکہ بھارت نے اہم کامیابی حاصل کرکے گروپ میں اپنی پوزیشن بہتر بنالی۔
پاکستان نے ورلڈ کپ کا آغاز انگلینڈ کے خلاف 1-4 کی شکست سے کیا تھا، اس کے بعد ویلز کے خلاف 3-3 سے میچ برابر کیا اور بھارت کے خلاف 3-5 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ قومی ٹیم کی واپسی کئی برس بعد عالمی کپ میں ہوئی تھی، تاہم پول ڈی میں اسے اگلے مرحلے تک پہنچنے میں کامیابی حاصل نہ ہوسکی۔
ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026ء 15 سے 30 اگست تک بیلجیئم کے شہر واؤرے اور نیدرلینڈز کے ایمسٹلوین میں کھیلا جارہا ہے، جس میں مردوں کی 16 ٹیمیں شریک ہیں۔

