بھارت کی افغانستان کیخلاف ٹیسٹ کرکٹ میں اننگز اور 300 رنز سے تاریخی فتح

نیو چندی گڑھ( آئی سی سی، اے پی پی، بھارتی میڈیا، ای ایس پی این کرک انفو)بھارت نے افغانستان کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے اننگز اور 300 رنز سے بھاری شکست دے کر اپنی ٹیسٹ تاریخ کی سب سے بڑی فتح حاصل کرلی۔

میچ میں بھارت نے پہلی اننگز 8 وکٹوں پر 564 رنز بنا کر ڈکلیئر کی۔ بھارتی کپتان شبمن گل 126 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ کے ایل راہول نے 100 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ سائے سدھرشن اور رشبھ پنت نے 81، 81 رنز بنائے۔

افغانستان کی جانب سے محمد سلیم نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ضیاء الرحمان اور حشمت اللہ شاہدی نے ایک ایک وکٹ لی۔

جواب میں افغانستان کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 152 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور اسے فالو آن کرایا گیا۔ دوسری اننگز میں بھی افغان بیٹنگ لائن مزاحمت نہ کرسکی اور پوری ٹیم 112 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

افغانستان کی جانب سے پہلی اننگز میں رحمت شاہ نے 60 رنز جبکہ دوسری اننگز میں صدیق اللہ اتل نے 42 رنز بنائے۔بھارت کی جانب سے پہلی اننگز میں ڈیبیو کرنے والے مانوو ستھر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ دوسری اننگز میں کلدیپ یادیو اور واشنگٹن سندر نے بھی اہم کردار ادا کیا۔

اس فتح کے ساتھ بھارت نے میچ اننگز اور 300 رنز سے جیت کر ٹیسٹ کرکٹ میں اننگز کے لحاظ سے اپنی سب سے بڑی کامیابی حاصل کرلی، جبکہ افغانستان کے لیے یہ ان کی ٹیسٹ تاریخ کی سب سے بڑی شکست قرار دی گئی ہے۔