جے پور (بھارتی میڈیا) بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع سوائی مادھوپور کے ایک سرکاری اسکول میں ہزار روپے گم ہونے پر طالبات کے کپڑے اتروا کر مبینہ تلاشی لینے کے الزام میں خاتون ٹیچر کو معطل کر دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ایک گاؤں کے سرکاری اسکول میں پیش آیا، جہاں خاتون ٹیچر نے اپنے ایک ہزار روپے گم ہونے پر نویں اور گیارہویں جماعت کی طالبات کی مبینہ طور پر تلاشی لی اور ان کے کپڑے اتروا دیے۔
واقعے کے بعد طالبات کے والدین نے اسکول انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیا اور اسکول کا مرکزی دروازہ بند کر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
تعلیمی حکام کے مطابق محکمۂ تعلیم کی تحقیقات کے بعد ہندی کی سینئر ٹیچر سرسوتی مینا کو معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ اسکول کی پرنسپل کے خلاف بھی تادیبی کارروائی شروع کرنے کے لیے نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
دوسری جانب خاتون ٹیچر نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ایک ہزار روپے گم ہوئے تھے، جس پر انہوں نے صرف طالبات سے پوچھ گچھ کی۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبات کو کپڑے اتارنے پر مجبور کرنے کے الزامات بے بنیاد ہیں اور بطور خاتون ٹیچر انہوں نے صرف مناسب انداز میں پوچھ گچھ کی تھی۔

