تہران:ایران نے کویت اور بحرین کو امریکی حملوں کا ذمے دار ٹھہرا دیا

تہران(ایرانی وزارتِ خارجہ، سرکاری میڈیا)ایران نے ایرانی ٹینکر اور جزیرہ قشم پر ہونے والے مبینہ امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کویت اور بحرین کو ان کارروائیوں میں بالواسطہ کردار کا ذمے دار قرار دیا ہے۔ایرانی وزارتِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملے جنگ بندی کے معاہدے، بین الاقوامی قوانین اور ریاستی خودمختاری کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

تہران کے مطابق کویت اور بحرین کی سرزمین اور وہاں موجود سہولتیں ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں کیلئے استعمال کی گئی ہیں، جس کے باعث دونوں ممالک ان واقعات کی ذمہ داری سے بری نہیں ہو سکتے۔ایران نے الزام عائد کیا ہے کہ ان ممالک کی قیادت نے ایسی سرگرمیوں کی اجازت دے کر عملی طور پر ان حملوں میں کردار ادا کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کو اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے تحت اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے اور وہ کسی بھی نئی جارحیت کی صورت میں مناسب جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ایرانی وزارتِ خارجہ نے خبردار کیا ہے کہ مستقبل میں اگر مزید حملے کیے گئے تو ایران نہ صرف حملہ آوروں بلکہ ان مقامات کو بھی نشانہ بنانے کا حق رکھتا ہے جہاں سے ایسی کارروائیاں کی جائیں۔