ناٹنگھم (رائٹرز/اے پی/اے ایف پی) تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں انگلینڈ نے بھارت کو 125 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کر لی۔
ناٹنگھم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔ اوپنر فل سالٹ نے 44 گیندوں پر 70 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ سیم کرن 41 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ جوز بٹلر نے 36 رنز کی اننگز کھیلی۔ بھارت کی جانب سے پرنس یادیو اور ہرشت رانا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی بیٹنگ لائن انگلینڈ کے فاسٹ بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 12ویں اوور میں 76 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
بھارت کی جانب سے سوریا ونشی اور ایشان کشن 13، 13 جبکہ ابھیشک شرما اور اکشر پٹیل 10، 10 رنز بنا سکے۔ انگلینڈ کے جوش ٹنگ نے 28 رنز دے کر 4 اور جوفرا آرچر نے 29 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔
125 رنز کی فتح ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں رنز کے اعتبار سے بھارت کی سب سے بڑی شکست ہے، جبکہ 76 رنز کا مجموعہ اس فارمیٹ میں اس کا دوسرا کم ترین اسکور ہے۔

