جاپان اور نیدرلینڈز کا سنسنی خیز مقابلہ دو، دو گول سے برابر

ڈیلاس( فیفا، بین الاقوامی اسپورٹس میڈیا)فیفا ورلڈ کپ 2026 کے چوتھے روز جاپان اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلا گیا دلچسپ مقابلہ دو، دو گول سے برابر ہوگیا، جاپانی ٹیم دونوں مرتبہ خسارے میں جانے کے باوجود شاندار کم بیک کرتے ہوئے میچ ڈرا کرانے میں کامیاب رہی۔

ڈیلاس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیموں نے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور ایک دوسرے کے گول پر مسلسل حملے کیے، تاہم پہلے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

دوسرے ہاف کے چھٹے منٹ میں نیدرلینڈز کے کپتان ورجل وین ڈائیک نے شاندار گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، تاہم صرف چھ منٹ بعد جاپان کے کیتو ناکامورا نے گول کرکے مقابلہ ایک، ایک سے برابر کر دیا۔میچ کے 64ویں منٹ میں نیدرلینڈز کے کرائی سینسیو نے ایک اور گول کرکے اپنی ٹیم کو دوبارہ سبقت دلائی، جس کے بعد جاپان نے برابری کے گول کے لیے مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔

جب ایسا محسوس ہونے لگا کہ مقابلہ نیدرلینڈز کے حق میں ختم ہوگا تو جاپان کے ڈائیچی کامادا نے 89ویں منٹ میں گول کرکے اسکور دو، دو سے برابر کر دیا اور اپنی ٹیم کو شکست سے بچا لیا۔دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے اختتام پر دونوں ٹیموں نے ایک، ایک پوائنٹ حاصل کیا، جبکہ شائقین کو عالمی کپ کے یادگار میچوں میں سے ایک دیکھنے کا موقع ملا۔