جدہ:وزیراعظم شہباز شریف اورفیلڈ مارشل سید عاصم منیر سعودی عرب پہنچ گئے

جدہ(وزیراعظم ہاؤس، دفتر خارجہ، خبر ایجنسیاں)وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر تین روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔ وزیراعظم کے ہمراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود ہیں۔

اعلامیے کے مطابق جدہ پہنچنے پر نائب گورنر مکہ شہزادہ سعود بن مشعل اور سعودی وزیرِ زراعت عبدالرحمان بن عبدالمحسن الفضلی نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق اور سفارت خانے کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوگی، جس میں دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال، باہمی تعاون اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

وزیراعظم اپنے تین روزہ قیام کے دوران عمرہ ادا کریں گے جبکہ مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺ میں حاضری اور روضۂ رسول ﷺ پر سلام پیش کرنے کی سعادت بھی حاصل کریں گے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار پہلے ہی سعودی عرب میں موجود ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ دورہ علاقائی امن، سفارتی تعاون اور مشترکہ حکمتِ عملی کے فروغ کے حوالے سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے اور تمام تنازعات کے پُرامن حل کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کو امید ہے کہ آبنائے ہرمز سے متعلق اتفاقِ رائے کی بنیاد پر اسلام آباد مفاہمتی فریم ورک پر پیش رفت ہوگی، جس سے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار ہونے میں مدد ملے گی۔