جشنِ میلادالنبیﷺ ملک بھر میں مذہبی جوش و جذبے سے منایا گیا

اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی) رحمت اللعالمین، خاتم النبیین، نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی ولادت باسعادت کا جشن ملک بھر میں مذہبی جوش و جذبے، عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر ملک بھر میں جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔

جشنِ میلادالنبیﷺ کے موقع پر ملک کے چھوٹے بڑے شہروں کو خوبصورتی سے سجایا گیا، مختلف مقامات پر محافلِ میلاد کا انعقاد کیا گیا جبکہ جگہ جگہ لنگر اور نیاز کا بھی اہتمام کیا گیا۔

ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، رحیم یار خان، بہاولپور، سرگودھا، لودھراں، جھنگ، وہاڑی، شکر گڑھ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں، جن میں عاشقانِ رسولﷺ نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔

سندھ میں بھی جشنِ میلادالنبیﷺ مذہبی جوش و خروش سے منایا گیا۔ حیدرآباد، سکھر، نواب شاہ، لاڑکانہ، خیرپور، ٹھٹہ، سانگھڑ، ٹنڈوالہ یار، پڈعیدن اور ٹنڈو محمد خان سمیت مختلف شہروں میں ریلیوں، محافلِ میلاد اور دیگر مذہبی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی سماجی و مذہبی تنظیموں کی جانب سے ریلیوں اور محافلِ میلاد کا اہتمام کیا گیا۔مظفرآباد میں جشنِ میلادالنبیﷺ کے موقع پر شہریوں نے تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بچوں کیلئے خون کے عطیات بھی دیے۔