جعلی امریکی ڈاک ٹکٹوں کے ذریعے 35 ارب روپے کا مبینہ فراڈ، خانیوال کا ملزم گرفتار

لاہور (نمائندہ خصوصی) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے لاہور میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی امریکی ڈاک ٹکٹ آن لائن فروخت کرکے مبینہ طور پر 35 ارب روپے کا فراڈ کرنے والے ملزم فہیم اکرم کو گرفتار کرلیا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے عاطف امیر کے مطابق ملزم نے اگست 2023ء سے ستمبر 2026ء تک آن لائن جعلی امریکی ڈاک ٹکٹ فروخت کیے اور اس مقصد کے لیے 16 بینک اکاؤنٹس استعمال کیے۔ ملزم نے مبینہ طور پر اپنے بھائی، بیوی، بہن اور خالہ کے بینک اکاؤنٹس بھی استعمال کیے۔

عاطف امیر نے بتایا کہ خانیوال سے تعلق رکھنے والے ملزم نے مبینہ طور پر ایک ویب سائٹ تیار کی، جس کے ذریعے امریکی ڈاک سروس کے نظام کو بائی پاس کرکے 50 لاکھ سے زائد ڈاک ٹکٹ فروخت کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ کیس کی تحقیقات کے لیے پنجاب، اسلام آباد اور سندھ میں 8 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔ تحقیقات کے دوران 35 مقامات پر چھاپے مارے گئے اور 47 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر کے مطابق ملزم کا سراغ لگانے کے لیے 122 کال ریکارڈز، 50 موبائل فون شناختی نمبروں سے متعلق نگرانی کی رپورٹس، 120 کیمروں کی ویڈیوز اور آڈیو ریکارڈنگز کا تجزیہ کیا گیا، جبکہ ملزم کی تلاش کے لیے 10 روز تک مخصوص آلات کی مدد سے نگرانی بھی جاری رہی۔

عاطف امیر کا کہنا تھا کہ تشکیل دی گئی خصوصی ٹیمیں مالی لین دین اور مبینہ فراڈ کے نیٹ ورک سے منسلک دیگر افراد کے کردار کی تحقیقات کررہی ہیں۔

دوسری جانب رواں ماہ کے آغاز میں امریکی ریاست فلوریڈا میں فہیم اکرم کے خلاف امریکی ڈاک سروس کو 12 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا نقصان پہنچانے کے الزام میں فردِ جرم عائد کی گئی تھی۔ اس معاملے میں امریکی حکام کی جانب سے عائد الزامات اور پاکستان میں جاری تحقیقات کے تناظر میں کیس کے مزید پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔