پشاور (نامہ نگار) خیبر پختونخوا میں متعلقہ اتھارٹی کی پیشگی اجازت کے بغیر نجی اسکولوں کی عمارتوں میں توسیع، اضافی منزل یا عارضی کلاس رومز کی تعمیر پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی خیبر پختونخوا نے اس حوالے سے اسکولوں اور کالجوں کی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کردیا ہے، جس میں تمام نجی تعلیمی اداروں کے مالکان کو عمارتوں کے نقشوں کی منظوری کی فوری تصدیق کرنے اور منظور شدہ نقشوں سمیت متعلقہ اجازت ناموں کی نقول اسکول میں محفوظ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ متعلقہ اتھارٹی کی پیشگی منظوری کے بغیر عمارت میں اضافی منزل تعمیر کرنے، موجودہ عمارت میں توسیع کرنے یا عارضی کلاس روم بنانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسکول کی رجسٹریشن کو عمارت کے نقشے کی منظوری یا اس کی ساختی مضبوطی کے سرٹیفکیٹ کا متبادل بھی تصور نہیں کیا جائے گا۔
اتھارٹی نے مزید ہدایت کی ہے کہ جن عمارتوں کو غیر محفوظ قرار دیا گیا ہو، انہیں تحریری حفاظتی منظوری حاصل کیے بغیر دوبارہ نہیں کھولا جاسکے گا۔مراسلے کے مطابق عمارتوں کے نقشوں کی منظوری اور حفاظتی تقاضوں سے متعلق ہدایات پر عمل نہ کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

