ریاض (ایجنسیاں) حوثی باغیوں کے حالیہ حملوں کے بعد 10 اکتوبر سے عارضی طور پر بند سعودی دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو محدود فضائی آپریشن اور سخت حفاظتی شرائط کے ساتھ دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
سعودی عرب کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری تازہ نوٹس برائے ہوابازی کے مطابق ریاض ایئرپورٹ پر آنے اور یہاں سے روانہ ہونے والی پروازوں کے لیے متعلقہ ایوی ایشن اتھارٹی سے پیشگی اجازت حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر کسی بھی ہنگامی صورت حال میں ریاض ایئرپورٹ کو متبادل ہوائی اڈے کے طور پر استعمال کرنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
فضائی پروازوں کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ راڈار کی تازہ رپورٹ کے مطابق ایئرپورٹ کی بحالی کے بعد سے وہاں صرف نجی اور مال بردار پروازیں آپریٹ کر رہی ہیں، جبکہ معمول کی تجارتی پروازوں کی بحالی سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

