اسلام آباد (نامہ نگار) لائبہ اعجاز کی مبینہ خودکشی کے مقدمے میں نامزد زیرِ حراست ملزم نعمان تھانہ رمنا کی حدود میں پولیس ٹیم پر فائرنگ کے واقعے کے دوران ہلاک ہوگیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق پولیس ٹیم ملزم نعمان کو اس کی نشاندہی پر برآمدگی کیلئے لے جا رہی تھی کہ اس دوران 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے اسے چھڑوانے کیلئے فائرنگ کردی۔ترجمان نے بتایا کہ فائرنگ کے دوران ملزم نعمان اپنے ہی ساتھیوں کی گولی لگنے سے زخمی ہوگیا، جسے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق اہلکار بلٹ پروف جیکٹس اور دیگر حفاظتی اقدامات کے باعث محفوظ رہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ نعمان لائبہ اعجاز کی مبینہ خودکشی کے مقدمے میں نامزد تھا۔ واقعے کے بعد ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہیں۔

