ڈاؤ یونیورسٹی میں 27 ملازمین کی ڈگریاں جعلی قرار، تنخواہیں واپس لینے کا حکم

کراچی (نمائندہ خصوصی) ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کراچی کے 27 ملازمین کی تعلیمی ڈگریاں جعلی ثابت ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے متعلقہ ملازمین سے تمام تنخواہیں واپس لینے کا حکم دے دیا۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اعلامیے کے مطابق ڈاؤ یونیورسٹی کی انتظامیہ 5 ہزار 350 ملازمین میں سے 3 ہزار 400 کی تعلیمی ڈگریوں کی تصدیق ہائر ایجوکیشن کمیشن سے نہیں کراسکی۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ ڈائریکٹر فنانس ڈاؤ یونیورسٹی نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مجموعی طور پر 5 ہزار 350 میں سے 1 ہزار 945 ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق کرائی گئی، جن میں سے 27 ملازمین کی ڈگریاں جعلی ثابت ہوئیں۔ جعلی ڈگریوں کی تصدیق کے بعد ان ملازمین کو ملازمت سے فارغ کردیا گیا ہے۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ملک کی تمام سرکاری جامعات سے تدریسی عملے اور دیگر ملازمین کی تعلیمی ڈگریوں کی تصدیق سے متعلق رپورٹ بھی طلب کرلی ہے، تاکہ اس معاملے کا جائزہ لے کر ضروری کارروائی کی جاسکے۔