اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی وزیر احسن اقبال نے قومی اسمبلی میں پارلیمنٹ کی راہداریوں کو سگریٹ نوشی سے پاک علاقہ قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کی عمارت میں بھی کھلے عام سگریٹ نوشی کی جاتی ہے، جس سے دیگر ارکان اسمبلی بھی متاثر ہوتے ہیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پارلیمنٹ کی راہداریوں میں سگریٹ نوشی کے باعث وہاں موجود دیگر افراد کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اسلئے ان مقامات پر سگریٹ نوشی کی روک تھام ضروری ہے۔
رکن قومی اسمبلی نعیمہ کشور نے بھی اس معاملے پر توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ سگریٹ کے دھوئیں کی وجہ سے خواتین کو نماز ادا کرنے میں مشکلات پیش آتی ہیں اور سانس لینا بھی دشوار ہوجاتا ہے۔
اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی پر پہلے ہی پابندی عائد ہے، جبکہ پارلیمنٹ میں سگریٹ نوشی کے لیے مخصوص جگہ بھی مختص کی گئی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ آئندہ مختص جگہ کے علاوہ کہیں بھی سگریٹ نوشی نہ ہو۔
دریں اثنا پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار ارکان قومی اسمبلی داوڑ کنڈی، ثناء اللہ مستی خیل سمیت دیگر ارکان کو پروڈکشن آرڈر پر آج بھی پارلیمنٹ ہاؤس لایا گیا۔

