تہران (ایجنسیاں) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے ایران کی ثالثی کی پیشکش پر تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
عراقی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے عباس عراقچی نے بتایا کہ ایران نے رواں ماہ کے آغاز میں ثالثی کی پیشکش کی تھی۔ یہ پیشکش ایسے وقت میں کی گئی تھی جب حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب پر حملوں میں اضافہ ہوا تھا۔
دوسری جانب یمنی حکومتی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حوثی ملیشیا کے 558 جنگجو ہلاک اور اس کی 135 فوجی گاڑیاں تباہ کردی گئی ہیں۔
یمنی حکومتی فورسز کے مطابق صوبہ تعز میں بھی حوثی ملیشیا کی پیش قدمی روک دی گئی ہے۔ تاہم ہلاکتوں اور فوجی گاڑیوں کی تباہی سے متعلق ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق فراہم نہیں کی گئی۔

