اٹلانٹا(فیفا، بین الاقوامی میڈیا)فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ اے کے ایک اہم میچ میں جنوبی افریقا اور جمہوریہ چیک کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر رہا، جس کے بعد دونوں ٹیموں نے ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا پوائنٹ حاصل کر لیا۔
اٹلانٹا میں کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیمیں ابتدائی مقابلے میں شکست کے بعد فتح کی امید لیے میدان میں اتریں، تاہم مقررہ وقت تک کوئی بھی ٹیم برتری برقرار نہ رکھ سکی۔
جمہوریہ چیک نے جارحانہ آغاز کرتے ہوئے کھیل کے چھٹے ہی منٹ میں میکال سیڈیلیک کے گول کی بدولت ایک، صفر کی برتری حاصل کر لی، جو پہلے ہاف کے اختتام تک قائم رہی۔
دوسرے ہاف میں جنوبی افریقا نے واپسی کی بھرپور کوشش کی اور 83ویں منٹ میں جمہوریہ چیک کے کھلاڑی پاویل شُلتس کے پنالٹی ایریا میں ہینڈ بال کرنے پر ریفری نے جنوبی افریقا کو پنالٹی کک دے دی۔
ٹیبوہو موکوینا نے پنالٹی پر عمدہ گول اسکور کرتے ہوئے مقابلہ ایک، ایک سے برابر کر دیا، جو میچ کا فیصلہ کن لمحہ ثابت ہوا۔اس ڈرا کے بعد جنوبی افریقا کی ورلڈ کپ میں آگے بڑھنے کی امیدیں برقرار ہیں، جبکہ دونوں ٹیموں نے ابتدائی شکست کے بعد ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا پوائنٹ حاصل کر لیا۔

