جنوبی افریقا ویمنز انڈر 19 ٹیم جولائی میں پہلی بار پاکستان کا دورہ کریگی

کراچی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی افریقا ویمنز انڈر 19 کرکٹ ٹیم جولائی میں پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کریگی، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

پی سی بی کے مطابق سیریز 14 سے 24 جولائی تک کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی، جبکہ جنوبی افریقا کی ٹیم 10 جولائی کو کراچی پہنچے گی۔

بورڈ کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقا کی انڈر 19 ویمنز ٹیمیں 11 سے 13 جولائی تک نیشنل بینک اسٹیڈیم میں تربیتی سیشنز میں حصہ لیں گی، جبکہ سیریز کے میچز 14، 17، 19، 22 اور 24 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ یہ سیریز ایشین کرکٹ کونسل ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ اور بین الاقوامی کرکٹ کونسل ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں میں دونوں ٹیموں کے لیے اہم ثابت ہوگی۔

واضح رہے کہ پی سی بی ویمنز کرکٹ ڈیپارٹمنٹ نے حال ہی میں کراچی میں انڈر 19 کھلاڑیوں کے لیے خصوصی تربیتی کیمپ کا بھی انعقاد کیا تھا، جس کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنا تھا۔