ملتان(نامہ نگار)عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کا ہر دن ملک پر بھاری ہے اور یہ جتنی جلدی گھر چلی جائے ملک کیلئے بہتر ہوگا۔ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو نئے انتظامی یونٹس کی ضرورت ہے، موجودہ صوبائی نظام ناکام ہوچکا ہے اور صوبے کرپشن کا گڑھ بن چکے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت میں 35 فیصد ٹیکس عوام ادا کر رہے ہیں جبکہ حکومت میں اتنی صلاحیت نہیں کہ وہ پیٹرول کی قیمت درست طریقے سے مقرر کرسکے۔انہوں نے کہا کہ اگر اصلاحات نہ کی گئیں تو نہ آئی ایم ایف کے چنگل سے نجات ممکن ہے اور نہ ہی ملک ترقی کرسکتا ہے۔سابق وزیرِاعظم نے کہا کہ جس ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی نہ ہو وہاں ترقی نہیں ہوتی، معیشت مسلسل کمزور اور عوام غریب سے غریب تر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال گندم کی خریداری کا نیا نظام آتا ہے مگر وہ ناکام ہوجاتا ہے، وقت پر کسان کو اس کی پیداوار کی مناسب قیمت نہیں ملتی۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اگر ملک میں تین شفاف انتخابات کروا دیے جائیں تو نظام بہتر ہو سکتا ہے، جبکہ مجوزہ 28ویں آئینی ترمیم کے بارے میں واضح معلومات موجود نہیں اور اگر اسی انداز میں ترامیم کی گئیں تو مسائل مزید بڑھیں گے۔

