اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، حکومت اچھے طریقے سےفرائض انجام دے رہی ہے اور اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حکومت کو معلوم تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال کے بجائے پمز منتقل کرنے پر میڈیا میں بہت شور ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت اس شور سے گریز کرسکتی تھی، تاہم اگر ایسے حالات تھے جن کی وجہ سے بانی پی ٹی آئی کی سیکیورٹی متاثر ہونے کا خدشہ تھا تو انہیں پمز منتقل کرنے کا فیصلہ درست تھا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت بانی پی ٹی آئی کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتی، ان کی سیکیورٹی حکومت کے لیے انتہائی اہم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، کیونکہ اگر انہیں کوئی تکلیف پہنچتی ہے اور بعد میں معلوم ہو کہ حکومت نے علاج میں تاخیر کی تو یہ حکومت کے لیے ایسا داغ ہوگا جسے کوئی نہیں چاہتا۔

