اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وزیرِاعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں، ریاست کو یرغمال بنا کر کسی بھی مطالبے کو نہیں منوایا جاسکتا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ ملک میں عدم استحکام پیدا کیا جائے، تحریک انصاف ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر مسائل کے حل کی طرف آئے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام 2014ء سے شروع ہوا جو آج تک جاری ہے۔ 2014ء میں اسلام آباد پر چڑھائی کے بعد سے دارالحکومت کا گھیراؤ پی ٹی آئی کا بنیادی نکتہ رہا ہے اور اب بھی تحریک انصاف اسلام آباد پر چڑھائی کی کوشش کررہی ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ قومی مفاد پر ذاتی مفاد کو ترجیح دینے کی قانون اجازت نہیں دیتا، پی ٹی آئی خیبر پختونخوا حکومت کے وسائل استعمال کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کا حل مذاکرات ہیں، 4 اکتوبر سے اب تک پی ٹی آئی صرف چند ہزار افراد ہی جمع کرپائی ہےخیبر پختونخوا میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری رہیں گی۔
افغانستان کے حوالے سے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ افغان حکومت کو سمجھایا ہے کہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے۔ افغانستان سے متعلق پالیسی پر پوری قوم متفق ہے، صرف پی ٹی آئی افغان پالیسی سے متفق نہیں۔

