خود کو خوش قسمت سمجھتاہوں کہ گوری میری زندگی میں آئیں:عامر خان

ممبئی( بھارتی میڈیا)بالی ووڈ کے معروف اداکار عامرخان تیسری مرتبہ شادی کے بندھن میں بندھنے کی تیاری کر رہے ہیں، بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ آئندہ ماہ اپنی گرل فرینڈ گوری سپراٹ سے شادی کریں گے۔

رپورٹس کے مطابق 5 جولائی کو ہونے والی یہ تقریب انتہائی سادہ اور نجی نوعیت کی ہوگی، جس میں دونوں خاندانوں کے قریبی افراد اور چند خاص دوست شریک ہوں گے۔ اطلاعات ہیں کہ جوڑا عدالتی شادی یا گھر پر قانونی دستاویزات پر دستخط کرکے اپنے رشتے کو باضابطہ شکل دے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عامر خان اور گوری سپراٹ ایک سال سے زائد عرصے سے ساتھ رہ رہے ہیں اور خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں۔حال ہی میں ایک انٹرویو میں عامر خان نے گوری سپراٹ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ گوری ان کی زندگی میں آئیں۔ ان کے بقول گوری ایک بہترین خاتون ہیں اور ان کے ساتھ انہیں ذہنی سکون حاصل ہوتا ہے۔

عامر خان نے مزید کہا تھا کہ ان کی سابقہ اہلیاؤں رینادتا اور کرن راؤ کے ساتھ بھی گہرا تعلق تھا، تاہم وہ رشتے برقرار نہ رہ سکے، جبکہ گوری کی آمد سے انہیں زندگی میں ایک نئی تکمیل کا احساس ہوا ہے۔یاد رہے کہ عامر خان نے گزشتہ برس اپنی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر پہلی مرتبہ گوری سپراٹ کو میڈیا کے سامنے اپنی گرل فرینڈ کے طور پر متعارف کرایا تھا۔

عامر خان کی پہلی شادی 1986 میں رینا دتہ سے ہوئی تھی جو 2002 میں ختم ہوگئی۔ اس شادی سے ان کے دو بچے جنید اور آئرہ ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے 2005 میں کرن راؤ سے شادی کی، تاہم 2021 میں دونوں نے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ ان کا ایک بیٹا آزاد ہے جس کی پرورش دونوں مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔