پشاور (نمائندہ خصوصی) اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے آئی جی خیبر پختونخوا پولیس سے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران اسمبلی ارکان، وزراء اور مشیروں کی گرفتاریوں، چھاپوں اور دیگر کارروائیوں کا مکمل ریکارڈ طلب کرلیا۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر کی جانب سے آئی جی خیبر پختونخوا پولیس کو مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے، جس میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران اسمبلی ارکان، وزراء اور مشیروں کے خلاف کی جانے والی گرفتاریوں، چھاپوں اور تلاشی کے واقعات کی مکمل تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔
مراسلے میں متعلقہ واقعات کی ایف آئی آرز اور پولیس کو رپورٹ درج کروانے والے افراد کا ریکارڈ بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔مراسلے کے مطابق مطلوبہ معلومات اسمبلی اختیارات، استحقاق و مراعات ایکٹ 2026 کے تحت طلب کی گئی ہیں۔اسپیکر نے آئی جی خیبر پختونخوا پولیس کو ہدایت کی ہے کہ مطلوبہ مکمل ریکارڈ فوری طور پر اسمبلی سیکرٹریٹ کو فراہم کیا جائے۔

