پشاور(نامہ نگار) ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ خیبر پختونخوا میں برساتی نالوں میں بہہ کر ماں، بیٹی اور 2 طالبات جاں بحق ہو گئیں۔
مانسہرہ کے علاقے جبوڑی کے بوز بیلہ میں برساتی نالوں میں طغیانی کے باعث 3 طالبات ریلے میں بہہ گئیں۔ پولیس کے مطابق 2 طالبات کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ ایک طالبہ کو زندہ بچا لیا گیا۔ طالبات اسکول سے چھٹی کے بعد گھر واپس جا رہی تھیں۔
کوہاٹ میں بھی برساتی نالے میں بہہ کر ماں اور بیٹی جاں بحق ہو گئیں، جبکہ ان کے بیٹے کو زخمی حالت میں بچا لیا گیا۔
ادھر فیصل آباد شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث متعدد سڑکیں زیر آب آ گئیں، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا جبکہ مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل رہی۔
جہلم میں شدید بارش کے باعث بڑا گواہ اور دیگر دیہات کو ملانے والا پل بہہ گیا، جس سے متعدد دیہات کا دینہ اور سوہاوہ سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔
گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات اور بہاول نگر سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، تاہم مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

