دورۂ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کیلئے ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان، بابر اعظم کپتان مقرر

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورۂ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے لیے 16 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے بابر اعظم کو قومی ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا ہے۔

اعلان کردہ اسکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، شان مسعود، امام الحق، اذان اویس، عبداللّٰہ فضل، سلمان علی آغا، غازی غوری، محمد رضوان، ساجد خان، علی عثمان، عامر جمال، محمد علی، محمد عباس، عبید شاہ، اویس ظفر اور خرم شہزاد شامل ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل فٹنس مسائل کے باعث اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔

قومی ٹیم اپنے دورے کا آغاز ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے کرے گی۔ پاکستان ٹیم 18 جولائی کو ٹراوبا میں وارم اپ میچ کھیلے گی، جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلا ٹیسٹ 25 سے 29 جولائی تک ٹراوبا میں کھیلا جائے گا۔

اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی نے ٹیم کے بہتر نتائج کے لیے قیادت میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے بقول شان مسعود کی ذاتی کارکردگی اچھی رہی، تاہم ٹیم توقعات کے مطابق نتائج نہیں دے سکی، جبکہ فاسٹ بولرز کی رفتار بھی تشویش کا باعث ہے۔

سلیکشن کمیٹی کے رکن مصباح الحق نے کہا کہ کرکٹ میں تسلسل کامیابی کی بنیاد ہوتا ہے اور کپتان و کھلاڑی دونوں کی کارکردگی میں مستقل مزاجی انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔