لاہور(پاکستان کرکٹ بورڈ، اسپورٹس میڈیا)آسٹریلیا نے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کو 41 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کیخلاف مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 231 رنز بنائے۔
232 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم شدید مشکلات کا شکار ہوگئی اور صرف 58 رنز پر اپنی 5 اہم وکٹیں گنوا بیٹھی، شاداب خان کی مزاحمت بھی ٹیم کو فتح نہیں دلواسکی۔
شاداب خان نے انتہائی مشکل حالات میں 104 گیندوں پر 71 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جس میں ایک چوکا اور 3 چھکے شامل تھے۔ ان کی یہ اننگز ایسے وقت میں آئی جب پاکستان کی ابتدائی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام ہو چکی تھی اور ٹیم مسلسل دباؤ کا شکار تھی۔
پاکستان کو میچ جیتنے اور سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کیلئے 232 رنز درکار تھے، تاہم آسٹریلوی بولرز نے ابتدا ہی سے میزبان ٹیم کو دباؤ میں رکھا۔ مشکل وکٹ، غیر متوقع باؤنس اور اسپنرز کی مددگار کنڈیشنز نے پاکستانی بیٹنگ لائن کیلئے مشکلات مزید بڑھا دیں۔
پاکستانی اوپنرز صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت نے اننگز کا آغاز کیا، لیکن پہلے ہی اوور میں معاذ صداقت بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے، جبکہ دوسرے اوور میں صاحبزادہ فرحان صرف 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے بعد بابر اعظم اور غازی غوری نے محتاط انداز میں اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ غازی غوری نے میدان کے چاروں طرف دلکش اسٹروکس کھیلے جبکہ بابر اعظم نے بھی چند خوبصورت شاٹس کے ذریعے اسکور آگے بڑھایا۔

بابر اعظم نے 16 رنز بنائے، تاہم نیتھن ایلس کی اندر آتی ہوئی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔ ریویو لینے کے باوجود فیصلہ برقرار رہا اور پاکستان کو تیسرا بڑا نقصان اٹھانا پڑا۔بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد سلمان علی آغا 7 اور عبدالصمد 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، جس سے پاکستان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن ایلس نے 4 جبکہ میتھیو شارٹ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ آسٹریلیا کی جانب سے جوش انگلس اور کیمرون گرین نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ کیمرون گرین 53 اور جوش انگلس 51 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
میٹ رینشا نے 43 رنز کی اہم اننگز کھیلی جبکہ اولیور پیکے نے 32 گیندوں پر 31 رنز بنائے، جس میں ایک چوکا اور دو چھکے شامل تھے۔ انہوں نے آخری اوور میں حارث رؤف کے خلاف ایک چھکا اور چوکا لگا کر اسکور 230 کے پار پہنچایا۔
پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس نے ایک بار پھر متاثر کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 27 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ابرار احمد نے بھی نپی تلی بولنگ کی۔فاسٹ بولرز میں شاہین شاہ آفریدی نے 3 اہم وکٹیں حاصل کیں، جن میں میتھیو کوہنیمن اور نیتھن ایلس کی وکٹیں بھی شامل تھیں۔
حارث رؤف نے اننگز کی آخری گیند پر اولیور پیکے کو شاندار یارکر پر بولڈ کر کے آسٹریلیا کی اننگز کا اختتام کیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر ہوگئی ہے جبکہ فیصلہ کن تیسرا اور آخری ون ڈے 4 جون کو لاہور میں ہی کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب میچ کی اختتامی تقریب میں چاچا کرکٹ کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔ چاچا کرکٹ نے آسٹریلیا کے خلاف جاری سیریز کو اپنی آخری سیریز قرار دیا ہے۔

