دوسرا ہاکی ٹیسٹ: پاکستان نے جنوبی کوریا کو 1-3 سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی

اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک) چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں پاکستان نے جنوبی کوریا کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔

اسلام آباد میں کھیلے گئے میچ کا پہلا کوارٹر بغیر کسی گول کے برابر رہا، جبکہ جنوبی کوریا نے دوسرے کوارٹر کے آخری لمحات میں گول کرکے ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔

پاکستان کی جانب سے تیسرے کوارٹر میں عبد الرحمٰن نے گول کرکے مقابلہ ایک، ایک سے برابر کردیا۔ چوتھے کوارٹر میں ابو محمد نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گول اسکور کیے اور پاکستان کو 1-3 سے فتح دلادی۔

میچ صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن محی الدین وانی اور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی دیکھا۔دونوں ٹیموں کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا مقابلہ 4 اگست کو کھیلا جائے گا۔