راولاکوٹ: کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح افراد کاحملہ، ایک رینجرز اہلکار شہید

راولاکوٹ(رائٹرز / اے ایف پی، سرکاری ذرائع) آزاد جموں و کشمیر کے شہر راولاکوٹ میں کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مسلح افراد کے حملے میں ایک رینجرز اہلکار شہید جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق اتوار کی صبح مسلح افراد نے متیال میرہ بس ٹرمینل کے قریب شہری آبادی پر فائرنگ کی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئےپولیس نے پیش قدمی کی تو حملہ آوروں نے پولیس اہلکاروں کو بھی نشانہ بنایا۔

ذرائع کے مطابق پولیس کی مدد کیلئےتعینات رینجرز کی نفری جب علاقے میں پہنچی تو مسلح افراد نے ان پر بھی فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک رینجرز اہلکار شہید اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے صورتحال پر قابو پالیا، جبکہ حملے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔ حالیہ دنوں میں کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے خلاف حکومتی کارروائیوں کے بعد راولاکوٹ اور دیگر علاقوں میں کشیدگی برقرار ہے۔