راولپنڈی (آئی ایس پی آر) خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں اور جھڑپوں کے دوران 3 سے 5 ستمبر کے درمیان 21 خوارج ہلاک ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 10 خوارج کو ہلاک کردیا۔ یہ کارروائی 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب شروع ہوئی تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں ہی ایک اور کارروائی کے دوران مزید 7 خوارج ہلاک کیے گئے۔کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والی 2 مختلف جھڑپوں میں بھی مزید 4 خوارج ہلاک ہوئے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دراندازی کی کوشش کرنے والے ہلاک خوارج کی مجموعی تعداد 25 ہوگئی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق افغانستان سے پاکستان کے خلاف سرحد پار دہشت گردی کی جارہی ہے۔ افغان طالبان حکومت مؤثر سرحدی انتظام یقینی بنائے اور اپنی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال کرنے والی دہشت گرد تنظیموں کو روکنے کیلئے مؤثر اقدامات کرے۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ طالبان حکومت دہشت گرد تنظیم کو اپنی سرزمین کے استعمال سے روکنے میں ناکام رہی ہے۔

