کراچی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 میں راولپنڈیز اپنا ساتواں میچ بھی ہار گئے، لاہور قلندرز نے انہیں 32 رنز سے شکست دے دی، اس ناکامی کے بعد راولپنڈیز ایونٹ میں پلے آف مرحلے کی دوڑ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے 27ویں میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز اسکور کیے۔
قلندرز کی جانب سے فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 54 گیندوں پر 84 رنز بنائے، محمد فاروق نے 41 گیندوں پر 63 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ عبداللہ شفیق 26 رنز بنا سکے۔اختتامی اوورز میں آصف علی نے 6 گیندوں پر 18 رنز بنا کر ٹیم کا مجموعہ 200 سے آگے پہنچایا۔راولپنڈیز کی جانب سے محمد عامر اور رضا اللّٰہ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں راولپنڈیز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز ہی بنا سکی۔یاسر خان نے 58 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سعد نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 21 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی اور مجموعی طور پر 54 رنز بنائے، تاہم ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اسامہ میر اور شاہین آفریدی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ڈینیئل سیمس اور سکندر رضا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔فخر زمان کو عمدہ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

