راولپنڈی(نمائندہ خصوصی) شوہر نے مبینہ طور پر اپنے والد اور ملازم کے ساتھ مل کر بیوی حنا جاوید کو قتل کردیا، پولیس نے شوہر اور ملازم کو گرفتار کرلیا۔مقتولہ کے اہلخانہ کے مطابق حنا جاوید کی شادی 9 ماہ قبل فیصل اصغر سے ہوئی تھی۔ شوہر کی جانب سے مبینہ تشدد کے باوجود حنا اپنے بیمار والدین کو مزید دکھ پہنچنے کے خوف سے خاموش رہی۔
ایف آئی آر کے مطابق حنا کی لاش گھر کے باتھ روم سے ملی، اس کے ہاتھ پیچھے کی جانب بندھے ہوئے تھے جبکہ چہرے اور جسم پر تشدد کے نشانات موجود تھے۔ گلے میں تار لپٹی ہوئی تھی اور گردن پر بھی زخم کے نشانات تھے۔پولیس کے مطابق مقتولہ کے شوہر فیصل اصغر کی یہ دوسری شادی تھی، جبکہ اس کی پہلی بیوی نے بھی مبینہ گھریلو تشدد اور اذیت کے باعث طلاق لی تھی۔
تھانہ سول لائن پولیس نے مقتولہ کے بھائی فہد جاوید کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے حنا کے شوہر اور ملازم کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کا پوسٹ مارٹم مکمل ہوچکا ہے جبکہ رپورٹ کا انتظار ہے، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے واقعے کے تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔
مقتولہ کے سسر اصغر علی کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے، تاہم متاثرہ خاندان کے مطابق انہیں تاحال گرفتار نہیں کیا گیا۔ذرائع کے مطابق فیصل اصغر کو ماضی میں جنسی ہراسانی کے الزامات کے باعث اسلام آباد کی دو جامعات سے بھی برطرف کیا جاچکا ہے۔

