راولپنڈی میں ایک اور شادی شدہ خاتون قتل، شوہر سمیت دو افراد گرفتار

راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)راولپنڈی میں ایک اور شادی شدہ خاتون کو قتل کردیا گیا، پولیس نے مقتولہ کے شوہر ملزم تنویر احمد سمیت دو افراد کو گرفتار کرلیا۔تھانہ صدر بیرونی کے علاقے حبیب لین میں شادی شدہ خاتون سندس کی پھندہ لگی لاش گھر سے برآمد ہوئی۔

پولیس نے خاتون کے قتل کا مقدمہ ان کے بھائی محمد ابراہیم کی مدعیت میں درج کرلیا۔ مقدمے میں مقتولہ کے شوہر تنویر احمد، اس کی بہن فضاء اور عبدالعزیز کو نامزد کیا گیا ہے۔

مقدمے کے متن کے مطابق مقتولہ کی شادی دو سال قبل تنویر احمد سے ہوئی تھی جن سے ایک بچہ بھی ہے۔ مقتولہ کے بھائی نے الزام عائد کیا کہ ملزم نے ان کی بہن کو ذہنی دباؤ میں رکھا ہوا تھا اور وہ کئی بار اس کی شکایت کرچکی تھیں۔

ایف آئی آر کے مطابق گزشتہ رات مقتولہ نے کال کرکے والدہ کو بتایا تھا کہ اس کے سسرال والے اسے بہت پریشان کر رہے ہیں۔ رات ساڑھے 10 بجے مقتولہ کے گھر کال کی گئی تو فون مقتولہ کے شوہر کی بہن فضاء نے رسیو کیا۔

مقدمے کے مطابق ملزم تنویر احمد کی بہن فضاء نے بتایا کہ سندس نے خودکشی کرلی ہے۔ اطلاع ملتے ہی مقتولہ کے بھائی اس کے گھر پہنچے تو ان کے مطابق سندس کے ہاتھوں میں مہندی لگی ہوئی تھی اور گلے میں پھندا تھا، جس پر انہوں نے اسے قتل کیے جانے کا شبہ ظاہر کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی لاش گھر کے کمرے سے ملی۔ مقتولہ کے شوہر اور اس کے کزن کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ مقتولہ کا پوسٹ مارٹم کروایا گیا ہے، جبکہ فرانزک نمونے بھی حاصل کیے گئے ہیں۔پولیس کے مطابق واقعے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔