راولپنڈی(نامہ نگار) راولپنڈی کے علاقے خیابان سر سید ڈھوک نجو میں مدرسے جانے کے لیے گھر سے نکلنے والی 15 سالہ لڑکی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق لڑکی گزشتہ روز گھر سے لاپتہ ہوئی تھی، جس کے بعد اس کے اغوا کا مقدمہ تھانہ پیرودھائی میں درج کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ مدرسے جانے کیلئےگھر سے نکلی تھی لیکن واپس نہیں آئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کی لاش گھر کے قریب واقع ایک دوسرے گھر سے برآمد ہوئی، جسے پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ جائے وقوع سے شواہد بھی اکٹھے کیے گئے ہیں۔پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت ممریز کے نام سے ہوئی ہے جو مقتولہ کا خالو ہے۔
مقتولہ کے والد نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ ان کی بیٹی گزشتہ روز دوپہر 2 بجے سے لاپتہ تھی اور آج اس کی لاش گھر کے قریب ان کے ہم زلف کے گھر سے ملی۔دوسری جانب سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے واقعے میں ملوث ملزم کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

