راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شفیع جان نے تصدیق کی ہے کہ راولپنڈی مال روڈ پر ہلاک ہونے والا شخص پی ٹی آئی کا کارکن تھا۔شفیع جان نے کہا کہ فورسز کی کارروائی میں ہلاک ہونے والا محمد حسین ضلع خیبر کا رہائشی تھا۔
انہوں نے بتایا کہ محمد حسین کا تعلق رکن صوبائی اسمبلی عبدالغنی کے حلقے سے تھا، تاہم اس کے پاس پارٹی کا کوئی عہدہ نہیں تھا اور نہ ہی اسے کوئی تنظیمی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
دوران پروگرام شفیع جان نے سیکیورٹی فورسز کے اہلکار پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کو تحریک انصاف کے ساتھ جوڑنا زیادتی ہے۔انہوں نے راولپنڈی مال روڈ واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو منظر عام پر لانے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کے اشتعال انگیز بیانات کی وجہ سے کارکن اس طرح کی حرکتیں کرتے ہیں، جبکہ راولپنڈی کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

