کراچی (سپورٹس ڈیسک)کراچی کے 19 سالہ رایان حبیب نے آئرن مین چیلنج مکمل کرکے تاریخ رقم کر دی ہے اور وہ یہ مشکل ترین مقابلہ مکمل کرنے والے کم عمر ترین پاکستانی بن گئے ہیں۔
آئرن مین چیلنج دنیا کے سخت ترین برداشت والے کھیلوں میں شمار ہوتا ہے جس میں کھلاڑیوں کو بغیر وقفے کے 3.8 کلومیٹر تیراکی، 180 کلومیٹر سائیکلنگ اور 42.2 کلومیٹر دوڑ مکمل کرنا ہوتی ہے۔
رایان حبیب نے یہ تمام مراحل مجموعی طور پر 15 گھنٹے، 20 منٹ اور 6 سیکنڈز میں مکمل کیے۔ انہوں نے امریکا کے شہر ٹیکساس میں اوپن واٹر سوئمنگ 1 گھنٹہ 45 منٹ 36 سیکنڈز میں مکمل کی۔
سائیکلنگ کا 180 کلومیٹر مرحلہ انہوں نے 7 گھنٹے 27 منٹ 49 سیکنڈز میں مکمل کیا، جبکہ مکمل میراتھون پر مشتمل دوڑ کا مرحلہ 5 گھنٹے 38 منٹ 57 سیکنڈز میں طے کیا۔
فنش لائن عبور کرنے کے بعد رایان حبیب نے پاکستان کا پرچم لہرا کر جشن منایا۔ آئرن مین چیلنج میں کھلاڑیوں کو تینوں مراحل مسلسل اور بغیر کسی وقفے کے مکمل کرنا ہوتے ہیں جو دنیا کے مشکل ترین ایتھلیٹک مقابلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

