ساسکیچیوان: 27 سالہ خاتون کے قتل کے الزام میں دو کم عمر افراد پر فردِ جرم عائد

پرنس البرٹ، ساسکیچیوان(سی بی سی نیوز، خبر ایجنسیاں) کینیڈا کے صوبے ساسکیچیوان کے شہر پرنس البرٹ میں 27 سالہ ڈائنا گوتھیئر کے قتل کے الزام میں ایک 16 سالہ لڑکے اور ایک 15 سالہ لڑکی پر دوسرے درجے کے قتل (سیکنڈ ڈگری مرڈر) کی فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔

پرنس البرٹ پولیس سروس کے مطابق جمعرات کی صبح مقامی وقت کے مطابق تقریباً 1 بج کر 55 منٹ پر شہر کے ڈاؤن ٹاؤن میں 14ویں اسٹریٹ ایسٹ پر چاقو کے حملے کی اطلاع موصول ہوئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈائنا گوتھیئر کو شدید زخمی حالت میں پایا، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔

پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے اور میجر کرائمز یونٹ واقعے کی تحقیقات قتل کے مقدمے کے طور پر کر رہا ہے۔پولیس نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے دونوں کم عمر ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور انہیں منگل کے روز پرنس البرٹ کی صوبائی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ کم عمر ہونے کے باعث ان کی شناخت یوتھ کریمنل جسٹس ایکٹ کے تحت ظاہر نہیں کی جا رہی۔

ڈائنا گوتھیئر کے چچا جوناتھن جیمز مورین نے بتایا کہ خاندان اور دوست انہیں محبت سے “بیبی موس” کہہ کر پکارتے تھے۔ ان کے بقول ڈائنا ہمیشہ مسکراتی رہتی تھیں، دوسروں کا احترام کرتی تھیں اور کبھی کسی کے ساتھ برا سلوک نہیں کرتیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈائنا ایک ماں تھیں اور اپنے اردگرد کے لوگوں کی بھرپور فکر کرتی تھیں۔ ان کی وفات خاندان کیلئےناقابلِ تلافی نقصان ہے۔واقعے کے مقام پر شہریوں نے شمعیں، پھول اور تمباکو رکھ کر مقتولہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

پرنس البرٹ انڈین اینڈ میٹس فرینڈشپ سینٹر کے فیملی ورکر ارنسٹ ڈیشمبولٹ نے کہا کہ ڈائنا گوتھیئر نہایت مہربان، ہمدرد اور خوش اخلاق خاتون تھیں۔ ان کے مطابق وہ ہمیشہ خوش مزاج رہتی تھیں اور مقامی برادری میں بے حد پسند کی جاتی تھیں، جبکہ ان کی وفات نے پوری برادری کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔