اسلام آباد(نامہ نگار) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 7 فیصد اضافے کی تجویز پیش کر دی۔
بجٹ تقریر کے دوران وزیر خزانہ نے کہا کہ کم از کم ماہانہ تنخواہ میں 10 فیصد اضافے کی تجویز بھی دی گئی ہے تاکہ کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ کفالت پروگرام کو توسیع دیتے ہوئے اس سے مستفید ہونے والے خاندانوں کی تعداد ایک کروڑ 20 لاکھ تک بڑھائی جائے گی، جبکہ تعلیمی وظائف کے پروگرام کو بھی مزید وسعت دی جائے گی۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے لیے 838 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ ہے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ جاری اخراجات کی مد میں آزاد کشمیر کے لیے 146 ارب روپے اور گلگت بلتستان کے لیے 88 ارب روپے مختص کیے جائیں گے۔

