سعودی ولی عہد اور ٹرمپ کاٹیلیفونک رابطہ، ایران کشیدگی کم کرنے پر زور

ریاض(غیر ملکی میڈیا، خبر ایجنسیاں) سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں ایران اور خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے ایران پر امریکا کی جانب سے بڑے پیمانے پر ممکنہ حملوں کے منصوبے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صدر ٹرمپ پر زور دیا کہ کشیدگی میں کمی لائی جائے اور فوجی کارروائی سے گریز کیا جائے۔

رپورٹس کے مطابق قطر، متحدہ عرب امارات، ترکیہ اور پاکستان بھی امریکا پر زور دے رہے ہیں کہ خطے میں مزید کشیدگی سے بچنے کیلئےسفارتی کوششوں کو ترجیح دی جائے۔

ادھر قطری ثالثوں نے ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی، امریکی صدر کے نمائندۂ خصوصی اسٹیو وٹکوف اور عمانی حکام سے رابطے کیے ہیں تاکہ کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کو آگے بڑھانے کی کوشش کی جا سکے۔

دوسری جانب امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی بحالی سے متعلق ممکنہ معاہدے کے لیے جاری سفارتی کوششوں میں بھی کچھ پیش رفت ہوئی ہے۔