ممبئی(بھارتی میڈیا رپورٹس)بھارتی ٹیلی ویژن اداکارہ سنچیتا اگلے کی مبینہ خودکشی کے معاملے میں اس وقت نیا موڑ سامنے آیا ہے جب بھارتی میڈیا میں اداکارہ اور ساتھی اداکار اُجوال شرما کے درمیان مبینہ گفتگو کے اسکرین شاٹس منظرعام پر آنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان مبینہ چیٹس میں دونوں کے درمیان ذاتی اور مالی معاملات پر تلخ گفتگو دکھائی گئی ہے، تاہم ان چیٹس کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بعض پیغامات میں سنچیتا اگلے نے مالی معاملات اور ذاتی رویوں پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا، جبکہ مبینہ گفتگو میں سخت جملوں کے تبادلے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
ادھر اُجوال شرما پہلے ہی ان الزامات کی تردید کر چکے ہیں اور ان کا مؤقف ہے کہ ان کا سنچیتا اگلے کے ساتھ کوئی رومانوی تعلق نہیں تھا اور وہ گزشتہ دو ماہ سے اپنے آبائی شہر میں موجود تھے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور تمام دستیاب شواہد، بیانات اور سامنے آنے والے مواد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے سے قبل کسی بھی دعوے یا مبینہ چیٹس کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی جا سکتی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تفتیشی ادارے مختلف پہلوؤں سے معاملے کی جانچ کر رہے ہیں تاکہ واقعے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔

