پاکستان سپر لیگ کی چمچاتی ٹرافی ملک بھر میں جلوے بکھیرنے کے بعد لاہور پہنچی گئی۔ پی ایس ایل کی انفینیٹی ٹرافی کی 11 مارچ کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں رونمائی کی گئی تھی۔ ٹرافی 18 ماہر کاریگروں کی 2600 گھنٹوں کا محنت کا نتیجہ ہے جس میں بیش قیمت دھاتوں کا استعمال اس کی قدر میں مزید اضافہ کرتا ہے۔ انفینیٹی ٹرافی ٹوور کا آغاز مزار قائد سے ہوا جس کے بعد اس کو کراچی میں ایمپریس مارکیٹ، سی ویو، میئر ویدر ٹاور اور لیاری لے جایا گیا۔
حیدر آباد میں انفینیٹی ٹرافی کی رونمائی مکلی نیکروپلیس، شاہ جہاں مسجد اور حیدر آباد کرکٹ سٹیڈیم میں ہوئی۔ 1600 جیم سٹونز سے بنی ہوئی ٹرافی نے اسلام آباد میں فیصل مسجد، یادگار پاکستان اور راولپنڈی میں دو ایچ بی ایل پی ایس ایل ٹیموں کے مشترکہ ہوم گراؤنڈ کا بھی رخ کیا۔
سکردو میں انفینیٹی ٹرافی کھپلو فورٹ، کٹپانا ڈیزرٹ، گھواری، کیرس سسپنشن برج اور اپر کچورا لیک میں جلوہ پذیر ہوئی۔ پشاور میں ٹرافی کو تاریخی سیٹھی ہاؤس اور عمران خان کرکٹ سٹیڈیم بھی لے جایا گیا۔ ٹورنامنٹ کے دوران انفینیٹی ٹرافی دیگر وینیوز کے علاوہ ملتان اور کوئٹہ کا بھی رخ کرے گی۔

