سکھر (نامہ نگار)سکھر میں پنک اسکوٹی تقسیم کی ایک تقریب کے دوران اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی جب ایک نئی خاتون ڈرائیور اسکوٹی سنبھال نہ سکیں اور بے قابو ہو کر اسٹیج کی طرف بڑھ گئیں، جس سے تقریب میں کچھ دیر کیلئے ہلچل مچ گئی۔
تقریب میں صوبائی وزیر امداد پتافی اور رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ بھی موجود تھے۔
واقعے کے فوراً بعد صورتحال پر قابو پا لیا گیا اور خوش قسمتی سے کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ اس کے بعد ماحول دوبارہ خوشگوار ہو گیا اور شرکاء نے اس واقعے کو ہلکے پھلکے انداز میں لیا۔
ذرائع کے مطابق تقریب میں موجود افراد نے اس موقع پر قہقہے لگائے، جبکہ نوآموز ڈرائیور نے مسکراتے ہوئے کہا کہ “میں ابھی نئی نئی ڈرائیور بنی ہوں سر”، جس پر ماحول مزید دوستانہ اور خوشگوار ہو گیا۔

