لاہور (نامہ نگار خصوصی)شادباغ کے علاقے سکیم نمبر 2 کا پارک اور گرین بیلٹ عرصہ دراز سے عدم توجہی کا شکار ہیں، جہاں لائٹس غائب اور جنگلے ٹوٹ چکے ہیں، جس کے باعث پارک اور گرین بیلٹ جرائم پیشہ عناصر اور منشیات کے عادی افراد کی آماجگاہ بن گئے ہیں۔ اہل علاقہ کے مطابق علاقے میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔
اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے صورتحال کا نوٹس لینے اور پارک و گرین بیلٹ کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پارک کا مالی سمیت دیگر عملہ بھی غائب ہوچکا ہے اور پارک کی دیکھ بھال پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔

اہل علاقہ کے مطابق علاقہ مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے اور آج تک یہاں سے مسلم لیگ (ن) ہی کامیاب ہوتی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پارک اور گرین بیلٹ میاں نواز شریف کے حکم پر بنایا گیا تھا، تاہم جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں کے باعث سکیم نمبر 2 کے پارک اور گرین بیلٹ کی عرصہ دراز سے مرمت نہیں کی گئی اور نہ ہی مناسب لائٹس نصب کی گئی ہیں۔
اہل علاقہ نے الزام عائد کیا کہ پارک اور گرین بیلٹ کیلئے فراہم کیا جانے والا بجٹ متعلقہ افسران مبینہ طور پر ملی بھگت سے غائب کردیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پارک اور گرین بیلٹ کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث علاقے میں وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔
اہل علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے گرین بیلٹپرکینٹین بنانے کے احکامات بھی واپس لینے کامطالبہ کیاہے. انہوں نے بتایا کہ اکثر اوقات کوٹ خواجہ سعید ہسپتال آنے والے مریضوں کے لواحقین بھی وارداتوں کا نشانہ بنتے ہیں، لیکن اس صورتحال کا کوئی نوٹس لینے والا نہیں۔
اہل علاقہ کے مطابق پارک کے فوارے، آبشار اور لائٹس بھی عرصہ دراز سے خراب ہیں، جن کی مرمت کے لیے متعدد مرتبہ بجٹ بھی منظور کیا گیا، تاہم اس کے باوجود انہیں درست نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ متعدد درخواستیں دینے اور متعلقہ حکام کو صورتحال سے آگاہ کرنے کے باوجود کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔
اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ سکیم نمبر 2 کے پارک اور گرین بیلٹ کی فوری بحالی کیلئے اقدامات کیے جائیں اور اسے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کے مقررہ معیار کے مطابق بحال کیا جائے۔

