شارجہ: سرکاری ملازمین کی کم از کم ماہانہ تنخواہ 15 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد مقرر

شارجہ(نمائندہ خصوصی) شارجہ کے حکمراں شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور شہریوں کیلئےمالی معاونت میں اضافے کا اعلان کردیا، جس پر یکم ستمبر سے عمل درآمد شروع ہوگیا ہے۔

اعلان کے مطابق 17 ہزار 776 سرکاری ملازمین تنخواہوں میں اضافے سے مستفید ہونگے، جبکہ سرکاری ملازمین کی کم از کم ماہانہ تنخواہ 20 ہزار درہم مقرر کردی گئی ہے، جو 15 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد کے برابر بنتی ہے۔

سماجی امداد حاصل کرنے والے 6 ہزار 652 خاندانوں کیلئےبھی مالی سہولت میں اضافہ کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ 2 ہزار 251 سرکاری ریٹائرڈ شہریوں کی کم از کم آمدن بڑھا دی گئی ہے، جبکہ مزید 5 ہزار 300 ریٹائرڈ شہریوں کیلئے اضافی مالی امداد میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق شہریوں کی ضروریات پوری کرنے اور مہنگائی کے پیش نظر کم از کم تنخواہ کا معیار بڑھایا گیا ہے تاکہ شہریوں کی مالی ضروریات کا بہتر طور پر خیال رکھا جاسکے۔

شیخ سلطان نے اماراتی شہریوں کو غیر ضروری قرضوں سے بچنے کی ترغیب بھی دی ہے۔حکام نے والدین سے بچوں کے موبائل فون اور دیگر آلات کے استعمال کو محدود رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کی صحت مند خوراک اور بہتر پرورش کے لیے سرکاری سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔