شکست کے بعد ارجنٹینا کی ٹیم تنقید کی زد میں، برطانوی میڈیا کاسخت ردعمل

لندن (دی ٹیلی گراف، دی سن، بی بی سی) فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین کے ہاتھوں شکست کے بعد ارجنٹینا کی ٹیم کے رویے پر برطانوی میڈیا نے سخت تنقید کی ہے۔ ہسپانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی اخبارات اور مبصرین نے چیمپئن ٹیم کو گارڈ آف آنر نہ دینے، جشن کے دوران پیٹھ موڑنے اور میچ کے بعد ہونے والی جھڑپوں پر ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔

ہسپانوی میڈیا کے مطابق برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف نے اپنے تجزیے کی سرخی “فٹ بال 1، بدمعاش 0” لگائی اور لکھا کہ اینزو فرنینڈس کے ریڈ کارڈ نے میچ کے دوران ہی ارجنٹینا کی مشکلات بڑھا دی تھیں، جبکہ شکست کے بعد کھلاڑیوں کا رویہ کھیل کے جذبے کے منافی تھا۔

برطانوی اخبار دی سن نے میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والی جھڑپ کو “افراتفری اور ہنگامہ آرائی” قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ارجنٹینا کے بعض کھلاڑی اسپین کے کھلاڑیوں سے الجھتے اور ہاتھا پائی کرتے نظر آئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے انگلینڈ کے سابق کپتان ایلن شیئرر نے کہا کہ “آج صحیح معنوں میں بہتر ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔”انگلینڈ کے سابق گول کیپر جو ہارٹ نے ارجنٹینا کے رویے کو “انتہائی نامناسب” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم کو اس شکست پر کوئی شکوہ نہیں ہونا چاہیے۔

ادھر معروف برطانوی صحافی پیئرز مورگن نے بھی سوشل میڈیا پر ارجنٹینا کے کھلاڑی لینڈرو پریڈس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ ارجنٹینا کے بعض کھلاڑیوں کا رویہ فٹ بال کے کھیل کے لیے باعثِ افسوس ہے۔

واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین نے ارجنٹینا کو ایک کے مقابلے میں صفر گول سے شکست دے کر دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔