صدر مملکت کی 355 پاکستانی و غیر ملکی شخصیات کو سول ایوارڈز دینے کی منظوری

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات اور کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی 355 پاکستانی اور غیر ملکی شخصیات کو سول ایوارڈز دینے کی منظوری دے دی۔

سول ایوارڈز دینے کی تقریب آئندہ سال 23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر منعقد ہوگی، جس میں مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔

اعزازات حاصل کرنے والوں میں سیاست، فنون لطیفہ، کھیل، سرکاری خدمات، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر شعبوں سے وابستہ شخصیات شامل ہیں۔

گلوکارہ ترنم ناز اور اداکارہ نشو بیگم کو ستارہ امتیاز دینے کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ اداکاراؤں غزالہ کیفی، ثانیہ سعید اور ماریہ واسطی اور گلوکار زوہیب حسن کو تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا جائے گا۔ گلوکار شیراز اُپل کو تمغہ امتیاز دیا جائے گا۔

کھیلوں سے وابستہ شخصیات میں شوٹر کشمالہ طلعت اور سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد کو تمغہ حسن کارکردگی دینے کی منظوری دی گئی ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزراء احد چیمہ اور محمد اورنگزیب جبکہ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کو نشان امتیاز دینے کی منظوری دی گئی ہے۔

ڈی جی آئی بی فواد اسد اللہ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال اور سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال کو ہلال امتیاز سے نوازا جائے گا، جبکہ سیکریٹری تجارت جواد پال کو ستارہ امتیاز دیا جائے گا۔

سی ای او ڈریپ ڈاکٹر عبیداللہ کو بھی ستارہ امتیاز دینے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ ڈی جی ستھرا پنجاب بابر صاحب دین کو تمغہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔

آزاد کشمیر میں شرپسندوں کا جوانمردی سے مقابلہ کرنے والی زوبیہ خورشید راجہ کو تمغہ شجاعت دیا جائے گا۔ زوبیہ خورشید راجہ نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر زخمی پولیس اہلکار کو شرپسندوں کے نرغے سے نکالا تھا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 46 شہداء کو ستارہ شجاعت سے نوازا جائے گا جبکہ گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کو بھی ستارہ شجاعت دینے کی منظوری دی گئی ہے۔علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی کو تمغہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔

غیر ملکی شخصیات کیلئے بھی سول اعزازات کا اعلان کیا گیا ہے۔ سعودی شہزادہ سعود بن نائف کو ہلال پاکستان سے نوازا جائے گا جبکہ ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فدان، وزیر دفاع یاسر گولر اور وزیر تجارت عمر بولات کو ستارہ پاکستان دینے کی منظوری دی گئی ہے۔

قائداعظم محمد علی جناح کے معالجین ڈاکٹر جل رتن جی پٹیل اور ڈاکٹر جل ڈائبو کو بعد از مرگ نشان قائداعظم سے نوازا جائیگا۔ڈاکٹر خالد عباس الاسدی اور ڈاکٹر پال جیکب بھٹی کو تمغہ امتیاز سے نوازنے کی منظوری دی گئی ہے۔