صومالی قزاقوں کے ہاتھوں جاں بحق پاکستانیوں کے اہلخانہ کیلئےسوا کروڑ امداد کا اعلان

اسلام آباد (نامہ نگار) وزیراعظم شہباز شریف نے صومالیہ میں قزاقوں کے ہاتھوں قتل ہونے والے تین پاکستانی شہریوں کے اہلخانہ کیلئے فی خاندان ایک کروڑ 25 لاکھ روپے مالی معاونت کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے صومالیہ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہری سید کاشف عمر کے بیٹے اذہان کاشف عمر سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور ان کے والد کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے اذہان کاشف سے کہا کہ حکومت اور قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے جاں بحق ہونے والے تینوں پاکستانیوں کے اہلخانہ کیلئے مالی معاونت کا اعلان کرتے ہوئے بچوں کی مفت تعلیم اور رہائش کی سہولت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔وزیراعظم نے ہر خاندان کیلئے ایک کروڑ 25 لاکھ روپے مالی معاونت کا اعلان کیا۔

شہباز شریف نے وزارت خارجہ سمیت تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ کاشف عمر اور دیگر 2 جاں بحق پاکستانیوں کے اہلخانہ سے براہ راست رابطے میں رہیں اور ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون کریں۔