عباس عراقچی اور شیخ عبداللہ بن زاید کے درمیان علاقائی صورتحال پر تبادلۂ خیال

ابوظبی / تہران(اماراتی میڈیا، ایرانی وزارتِ خارجہ، رائٹرز)ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی اور متحدہ عرب امارات کے وزیرِ خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا، جس میں خطے کی تازہ صورتحال اور دیگر باہمی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اماراتی میڈیا کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے حالیہ علاقائی پیش رفت اور کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی کوششوں پر گفتگو کی۔شیخ عبداللہ بن زاید نے امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے معاہدے کی تمام شرائط پر مکمل عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آبی گزرگاہوں کا تحفظ اور آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آزادانہ آمد و رفت یقینی بنائی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں تنازعات کے پائیدار حل کے لیے سفارتکاری، مذاکرات اور بات چیت ہی مؤثر اور قابلِ عمل راستہ ہیں۔ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے بھی خطے میں استحکام اور کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا، تاہم گفتگو کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔