مسقط ( عمانی وزارت خارجہ)سلطنت عمان اور ایران نے آبنائے ہرمز سے متعلق امور پر رابطوں اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
عمانی وزارت خارجہ کے مطابق آبنائے ہرمز سے متعلق عمان اور ایران کی مشترکہ کمیٹی کا پہلا اجلاس مسقط میں منعقد ہوا، جس میں آبنائے ہرمز کے مستقبل کے انتظام اور دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں عمانی وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے نمائندے شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ الہنائی جبکہ ایرانی وفد کی سربراہی نائب وزیر خارجہ برائے قانونی و بین الاقوامی امور کاظم غریب آبادی نے کی۔
عمانی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں ممالک نے آبنائے ہرمز سے متعلق معاملات پر رابطے اور تعاون بڑھانے، مشترکہ مفادات اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریقوں نے بین الاقوامی قانون کی پاسداری کے عزم کو بھی دہرایا اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی اور بحری خدمات کے شعبوں میں تعاون کے فریم ورک پر غور کیا۔
عمانی وزارت خارجہ کے مطابق اجلاس میں دوطرفہ اور بین الاقوامی مفاہمتوں کو مزید آگے بڑھانے پر بھی زور دیا گیا، جبکہ دونوں ساحلی ممالک نے آبنائے ہرمز میں قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

