اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی علاج کیلئے جیل سے اسپتال روانہ ہوئے تھے، تاہم سیکیورٹی کلیئرنس نہ ہوسکی۔طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ایسا تاثر دیا گیا جیسے پہلی بار بانی پی ٹی آئی کو علاج کیلئےاسپتال لایا جا رہا ہو حالانکہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران انہیں 6 مرتبہ معائنے کیلئے پمز اسپتال لایا جا چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شفا انٹرنیشنل اسپتال کے باہر سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ انتظامیہ، آئی جی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا تھا۔وفاقی وزیر کے مطابق بانی پی ٹی آئی جیل سے روانہ ہوئے لیکن سیکیورٹی کلیئرنس نہیں ہوسکی، جس کے باعث انہیں پمز اسپتال لے جایا گیا۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سابق وزیراعظم ہیں، اس لیے ان کی پارٹی کے کارکنان اور میڈیا کے نمائندے بھی وہاں موجود تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر بانی پی ٹی آئی کو پمز منتقل کیا گیا، جبکہ شفا انٹرنیشنل اسپتال کے ڈاکٹرز کو بھی پمز اسپتال بلایا گیا۔

