غزہ کی تعمیر نو فلسطینیوں کے زیر انتظام ہونی چاہیے: چین

نیویارک (اقوام متحدہ، خبر ایجنسیاں) چین کے نائب صدر ہان ژینگ نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کرتے ہوئے غزہ کی تعمیر نو فلسطینیوں کے زیر انتظام ہونی چاہیے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہان ژینگ نے کہا کہ غزہ کی تعمیر نو ’’فلسطین کا انتظام فلسطینیوں کے ذریعے‘‘ کے اصول کے تحت ہونی چاہیے۔ انہوں نے فلسطین کے مسئلے کے دو ریاستی حل کی حمایت بھی کی۔

چینی نائب صدر نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک، بالخصوص خلیجی ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کا احترام کیا جانا چاہیے۔انہوں نے عالمی صنعتی اور رسدی سلسلوں کو بلا تعطل جاری رکھنے اور عالمی تجارت کے تحفظ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔دوسری جانب روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا ہے کہ روس آبنائے ہرمز اور خلیجی خطے کے استحکام میں مدد کے لیے تیار ہے۔